عابد چوہدری: خیبر پختونخوا پولیس کو قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم کو لاہور پولیس نے گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ناکہ ٹھوکر نیاز بیگ پر تعینات پولیس اہلکاروں نے کارروائی کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والے ایک مشتبہ شخص کو روک کر اس کی جانچ پڑتال کی۔ ملزم کے کوائف اور کریمنل ریکارڈ کی تصدیق پر معلوم ہوا کہ وہ اے کیٹگری کا اشتہاری ہے اور قتل کے مقدمے میں مطلوب ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت صبور کے نام سے ہوئی ہے جس کے خلاف خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کے تھانہ چوگا میں مقدمہ درج ہے۔
گرفتار ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ چوہنگ کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ پولیس حکام کو بھی اس کی گرفتاری سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی حوالگی اور مزید قانونی کارروائی متعلقہ اداروں کے تعاون سے مکمل کی جائے گی۔