ویب ڈیسک:جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر رہنما اور سابق سینیٹرمولانا عبدالغفور حیدری کو ایک بار پھر طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ رات کوئٹہ میں انہیں دل کی تکلیف محسوس ہوئی، جس کے بعد فوری طور پر اسپتال لایا گیا۔ ڈاکٹروں نے ان کا ابتدائی طبی معائنہ کیا اور ان کی حالت پر مسلسل نگرانی شروع کر دی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ انہیں دل کے عارضے کے باعث اسپتال داخل کرنا پڑا ہو۔ اس سے قبل فروری میں بھی وہ اسی نوعیت کے مسئلے کے باعث اسپتال میں زیر علاج رہے تھے، جہاں انہیں دل کے دورے کے بعد طبی سہولت فراہم کی گئی تھی۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) سے تعلق رکھنے والے مولانا عبدالغفور حیدری پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل ہیں۔ وہ پاکستان کی سیاست میں طویل تجربہ رکھتے ہیں اور ماضی میں سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق ان کی صحت کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، تاہم تاحال ان کی موجودہ حالت کے حوالے سے تفصیلی طبی رپورٹ سامنے نہیں آ سکی۔