احسن عباسی:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باوجود آن لائن بائیک رائیڈرز نے اسے ناکافی قرار دیتے ہوئے حکومت سے پیٹرول کی قیمت 250 روپے فی لیٹر تک لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
رائیڈرز کا کہنا ہے کہ روزانہ کی آمدن کا بڑا حصہ پیٹرول پر خرچ ہو جاتا ہے، جس کے باعث مہنگائی کے موجودہ دور میں گھر کا خرچ چلانا اور بچت کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر روزانہ 1500 روپے کمائی ہو تو اس کا تقریباً نصف حصہ پیٹرول پر خرچ ہو جاتا ہے، جس سے مالی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
رائیڈرز نے بتایا کہ وہ شدید گرمی اور دھوپ میں گھنٹوں سڑکوں پر محنت کرتے ہیں اور سواریوں کے انتظار میں وقت گزارتے ہیں، لیکن ایندھن کی بلند قیمتوں کے باعث ان کی آمدن متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے تاکہ ٹرانسپورٹ سے وابستہ محنت کش طبقے کو حقیقی ریلیف مل سکے اور وہ اپنے روزمرہ اخراجات بہتر انداز میں پورے کر سکیں۔