ویب ڈیسسک: امن و امان کی صورتحال کو مستحکم رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے ضلعی انتظامیہ دیامر نے اہم انتظامی فیصلے کرتے ہوئے متعدد سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی سکیورٹی اقدامات فوری طور پر نافذ کر دیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر دیامر لیفٹیننٹ (ر) محمد اویس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع بھر میں دو ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اس دوران اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ضلع بھر میں تمام اقسام کے ڈرونز اور یو اے ویز کی غیر مجاز پرواز ممنوع قرار دی گئی ہے۔ ڈرون اڑانے کے خواہشمند افراد کو پیشگی طور پر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سے این او سی حاصل کرنا ہوگا، بصورت دیگر پرواز کی اجازت نہیں ہوگی۔
انتظامیہ نے پٹاخوں کے استعمال پر بھی 60 روز کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ احکامات 5 جون 2026 سے نافذ العمل ہیں، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان پابندیوں سے استثنا حاصل ہوگا۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات عوامی تحفظ اور امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے ہیں۔