ویب ڈیسک:عیدالاضحیٰ کے موقع پر جنرل ہسپتال لاہور میں مریضوں کے علاج معالجے اور دیگر طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پرنسپل پروفیسر فاروق افضل کے مطابق تمام انتظامی ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز کو تین شفٹوں میں ڈیوٹیاں تفویض کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین نے تمام شعبہ جات کو متحرک رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شعبہ ورکس کے ملازمین جنریٹرز اپ ڈیٹ اور فنکشنل رکھیں۔الیکٹریشن و دیگر عملہ اپنی ڈیوٹی پر حاضری یقینی بنائے اور صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ڈیوٹی سے غیر حاضر ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عید کے دوران بھی ہسپتال میں آنے والے تمام مریضوں کو بلاتعطل طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔