ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

جازکیش کے ذریعےصرف 5 ہزار روپے سے سرمایہ کاری ممکن:وفاقی وزیر خزانہ

جازکیش کے ذریعےصرف 5 ہزار روپے سے سرمایہ کاری ممکن:وفاقی وزیر خزانہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور عوامی شرکت بڑھانے کے لیے حکومت نے ایک نیا آن لائن پلیٹ فارم متعارف کرا دیا، جس کے ذریعے کم سرمایہ رکھنے والے افراد بھی سرمایہ کاری کا آغاز کر سکیں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کراچی میں منعقدہ تقریب کے دوران انویسٹ پاک پورٹل کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اب جازکیش ایپ کے ذریعے صرف 5 ہزار روپے سے سرمایہ کاری ممکن ہوگی، جس سے زیادہ سے زیادہ افراد کو سرمایہ کاری کے مواقع میسر آئیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ انویسٹ پاک پورٹل کا بنیادی مقصد پاکستان میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے، جبکہ حکومت سرمایہ کاروں کو بہتر اور سہل ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کم اور متوسط آمدن رکھنے والا طبقہ ملکی معیشت کا اہم حصہ ہے، اسی لیے انہیں بھی سرمایہ کاری کے نظام میں شامل کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ انویسٹ پاک پورٹل سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان اور تیز بنائے گا، جبکہ پاکستان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار امکانات رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے سرمایہ کاروں کو سہولت ملے گی اور سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جازکیش ایپ کے ذریعے صرف 5 ہزار روپے سے سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ خاص طور پر نوجوان نسل کو سرمایہ کاری کی جانب راغب کیا جا سکے۔ ان کے مطابق ملکی معاشی ترقی میں نجی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے، جبکہ حالیہ عرصے میں اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد کی تعداد بھی نمایاں طور پر بڑھی ہے۔