وقاص احمد: ڈیفنس کے علاقے میں غیر ملکی خاتون سے مبینہ زیادتی کے واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں تفتیشی ذرائع کے مطابق تین ملزمان کے ڈی این اے نمونے متاثرہ خاتون سے میچ کر گئے ہیں۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی این اے میچ ہونے والے ملزمان میں نواز نامی ملزم کا نام سرفہرست ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزم نواز پر ابتدائی طور پر واقعے میں مرکزی کردار ادا کرنے کا الزام ہے، جبکہ اسی کے مبینہ اکسانے پر دیگر ملزمان کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پولیس نے مجموعی طور پر 8 ملزمان کے ڈی این اے سیمپلز فرانزک جانچ کے لیے لیبارٹری بھجوائے تھے، جن میں سے تین کے نمونے متاثرہ خاتون کے نمونوں سے مطابقت رکھتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دیگر ملزمان کے ڈی این اے سیمپلز کا تجزیہ جاری ہے، جبکہ پولیس واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فرانزک رپورٹ اور مزید شواہد کی روشنی میں کیس کو آگے بڑھایا جائے گا، اور تمام ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔