علی ساہی: پنجاب پولیس نے سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری اور عادی مجرمان کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران رواں سال صوبہ بھر، بشمول لاہور، 87 ہزار سے زائد اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گرفتار کیے جانے والے اشتہاری مجرمان میں اے کیٹگری کے 23 ہزار 583 جبکہ بی کیٹگری کے 63 ہزار 881 ملزمان شامل ہیں۔ اسی عرصے کے دوران صوبہ بھر سے 27 ہزار سے زائد عدالتی مفروران کو بھی گرفتار کیا گیا، جن میں اے کیٹگری کے 4 ہزار 331 اور بی کیٹگری کے 23 ہزار سے زائد مفرور شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے کریک ڈاؤن کے دوران 10 ہزار 632 عادی مجرمان کو بھی گرفتار کیا، جن میں اے کیٹگری کے 3 ہزار 832 اور بی کیٹگری کے 6 ہزار 800 عادی مجرم شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں رواں سال 19 ہزار 103 اشتہاری مجرمان، 8 ہزار 938 عدالتی مفروران اور 4 ہزار 214 عادی مجرمان کو گرفتار کیا گیا۔
انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس نے اشتہاری مجرمان، عدالتی مفروران اور عادی مجرمان کی گرفتاری میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی پولیس ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مطلوب ملزمان کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور قانون شکن عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔