سٹی 42: وفاقی وزیر اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ خان نےفیصل آباد 77 ج ب ملاں پور سڑک اور سوئی گیس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقے کے ایک لاکھ 16 ہزار ووٹرز نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا، اس لیے ان کے مسائل حل کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔ماضی کے حکمرانوں نے علاقے میں خاطر خواہ ترقیاتی کام نہیں کرائے، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک اور عوام کی خدمت کی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک میں بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے اور حلقے میں ہسپتال اور سکول کے منصوبے بھی لائے جا رہے ہیں۔ آج پاکستان کا دنیا میں عزت و وقار کے ساتھ نام لیا جاتا ہے اور ایٹمی قوت ہونے کے باعث عالمی سطح پر اس کی اہمیت مسلم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 1998 میں نواز شریف کی قیادت میں ایٹمی دھماکے کرکے دشمن کو مؤثر جواب دیا گیا، جبکہ حالیہ "معرکۂ حق" میں بھی پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس جماعت نے گالی گلوچ کی سیاست کو فروغ دیا اور اس کے دورِ حکومت میں سیاسی مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کئےگئے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا انہوں نے کبھی کسی کرپٹ شخص کی سفارش نہیں کی اور وہ ہر موسم میں عوام کے درمیان موجود رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک بھر میں موٹرویز کا جال بچھایا، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کا وقار مزید بلند ہوا اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو دنیا تسلیم کرتی ہے۔
رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا کہ دنیا نے پہلی مرتبہ پاکستان کو امن کے داعی ملک کے طور پر تسلیم کیا ہے۔ ان کے بقول، امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کا سہرا فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران سے گیس پائپ لائن منصوبے کے ذریعے جلد گیس کی فراہمی شروع ہونے کی توقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران پر پابندیاں ختم ہونے اور تیل کی درآمد بحال ہونے سے عوام کو ریلیف ملے گا، جبکہ جنگ کے باعث بڑھنے والی مہنگائی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ حکومت کی کامیابیوں کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے۔ سڑکوں کی تعمیر کے حوالے سے انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی ٹھیکیدار نے ناقص معیار کا کام کیا تو اسے آئندہ ٹھیکے نہیں دیے جائیں گے۔ آخر میں انہوں نے عوام سے ملک کی بہتری کے لیے مخلص قیادت اور حکومت کا ساتھ دینے کی اپیل بھی کی۔