(ویب ڈیسک) بھارت کی بڑی سیاسی جماعت کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر سریش کلماڑی کا انتقال ہو گیا، انہوں نے 81 سال کی عمر میں آخری سانس لی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کانگریس کے سینئر رہنما، سابق مرکزی وزیر اور ہندوستانی اولمپک ایسوسی ایشن کے سابق صدر سریش کلماڑی کا منگل کے روز 81 برس کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ انکے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی سیاسی، سماجی اور کھیلوں کے حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ کانگریس پارٹی کیلئے یہ ایک ایسے رہنما کا نقصان ہے جس نے دہائیوں تک نہ صرف پونے بلکہ قومی سیاست اور کھیلوں کے شعبے میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق سریش کلماڑی کا جسد خاکی دوپہر دو بجے تک پونے میں واقع ان کی رہائش گاہ پر آخری دیدار کے لیے رکھا جائے گا، جب کہ شام ساڑھے تین بجے ویکنٹھ شمشان بھومی میں سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔ ان کے انتقال پر کانگریس قیادت کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور سماجی تنظیموں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔انہوں متعدد مرتبہ پونے سے لوک سبھا کے رکن منتخب ہوئے۔ مرکزی حکومت میں وزیر کی حیثیت سے بھی انہوں نے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں اور شہری ترقی، بنیادی ڈھانچے اور عوامی بہبود سے متعلق کئی منصوبوں میں سرگرم کردار ادا کیا۔آنجہانی سریش کلماڑی کی کھیلوں کے میدان میں بھی شناخت نمایاں رہی۔ ہندوستانی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر کی حیثیت سے انہوں نے طویل عرصے تک کھیلوں کی انتظامیہ کی قیادت کی۔ 2010 میں دہلی میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمز ان کے کیریئر کا ایک اہم مرحلہ ثابت ہوئے۔
Stay tuned with 24 News HD Android App