(ویب ڈیسک) حافظ آباد میں بکریوں کو سردی سے بچانے کے لیے جلائی گئی آگ سے گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حافظ آباد کے علاقے رامکے چٹھہ میں بکریوں کو سردی سے بچاؤ کے لیےآگ جلا رکھی تھی، بکریوں کے لیے لگائی گئی آگ سے مکان کی چھت گر گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 4 افراد جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق امدادی ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکالا اور زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں 2 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں سردی سے بچنے کے لیے لوگ گھروں میں انگیٹھیاں جلاتے ہیں جن میں درخت کی لکڑی جلائی جاتی ہے۔ ہمارے خطے میں یہ رجحان بہت زیادہ پایا جاتا ہے کیونکہ یہاں تو کھانا بنانے کے لیے چولہے میں بھی عموماً لکڑی ہی کا استعمال کیا جاتا ہے ۔ مگر سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ لکڑی کا دھواں انسانی صحت کے لیے بہت نقصان دہ ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس دھوئیں میں انسانی جسم میں کینسر پیدا کرنے والے کئی عنصر شامل ہوتے ہیں۔ اس میں COاور NOxنامی دو ایسے گیسی اجزاءپائے جاتے ہیں جو ہمارے ماحول کو بہت زیادہ آلودہ کرتے ہیں اور کینسر سمیت دیگر بیماریوں کا بھی باعث بنتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ کھیتوں میں فصلوں کی باقیات اور جنگلوں میں لگنے والی آگ سے اٹھنے والا دھواں بھی اسی قدر خطرناک ہے اور اس سے مضرصحت گیسیں بڑی مقدار میں فضاءمیں شامل ہو جاتی ہیں۔یہ گیسیں جب فضاءمیں شامل ہو جاتی ہیں تو ان کی تفریق کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ فضاءسے دھوئیں کی مقدار کم کرنے کے لیے اس معاملے پر الگ سے ترجیحی بنیادوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔