سٹی42: 25 سال بعد لاہور میں بسنت فیسٹیول کے آغاز کے ساتھ ہی شہر بھر میں جشن کا سماں تو دیکھنے میں آیا، تاہم خوشیوں کے اس موقع پر مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 3 بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے، جبکہ بعض مقامات پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔
ریسکیو حکام نے بتایاکہ سکھ نہر کے قریب 25 سالہ علی رشید کٹی پتنگ اتارنے کے لئے بجلی کے کھمبے پر چڑھا، کرنٹ لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگیا، متوفی کی لاش کوضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق گلشنِ راوی کے علاقے میں 8 سالہ ارحا والد کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہی تھی کہ اچانک پتنگ کی ڈور گلے میں پھر گئی جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گئی۔ زخمی بچی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
راوی روڈ کے علاقے میں چھت سے گرنے کے باعث ثاقب نامی شخص زخمی ہوا، جبکہ لوئر مال میں پتنگ لوٹتے ہوئے 12 سالہ عبد الواحد زخمی ہو گیا۔ گلشن راوی ہی میں 14 سالہ سلمان درخت سے پتنگ اتارتے ہوئے زخمی ہوا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گلشن راوی میں ہی 45 سالہ شبیر پتنگ کی ڈور گلے میں پھرنے سے زخمی ہوا، جبکہ ڈیفنس فیز فائیو میں 21 سالہ رفیع تنویر بھی پتنگ کی ڈور کی زد میں آ کر زخمی ہو گیا۔
دوسری جانب بسنت کے آغاز پر بعض علاقوں میں ضابطہ اخلاق کی کھلم کھلا خلاف ورزی بھی سامنے آئی۔ رات 12 بجتے ہی اندرون شہر ہوائی فائرنگ اور آتشبازی کے واقعات رپورٹ ہوئے جس پر پولیس اور متعلقہ اداروں نے نوٹس لے لیا۔