(شہزاد خان) پچاس ہزار سے زائد کی خریداری پر شناختی کارڈ کی شرط کا اطلاق شہر کے تاجران نے ماننے سے انکار کردیا، انجمن تاجران آل پاکستان کے صدر خالد پرویز کی زیر صدارت تاجران کا اہم اجلاس حکومت سے سے پچاس ہزار کی خریداری پر شناختی کارڈ کی شرط ختم کرنے کامطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس کی صدارت انجمن تاجران آل پاکستان صدر خالد پرویز نے کی، صدرانجمن تاجران لاہورمجاہدمقصودبٹ،جنرل سیکرٹری انجمن تاجران آل پاکستان عبدالرزاق ببر،وائس چیئرمین انجمن تاجران لاہور حاجی اشفاق، ممبر ایگزیکٹو لاہورچیمبرارشد خان،نائب صدر محمد عرفان سونی،سعید مغل،حاجی راحت،اعجازبٹ،علی افضل ،میڈیا سیکرٹری انجمن تاجران لاہور حافظ شیخ علاوالدین نے شرکت کی۔
انجمن تاجران کے عہدیدران نے پچاس ہزار سے زائد کی خریداری پر شناختی کارڈ کی شرط ماننے سے انکارکردیا، انجمن تاجران شناختی کارڈ کی شرط کیخلاف ڈٹ گئی صدر خالد پرویز نے شناختی کارڈ کی شرط کیخلاف انجمن تاجران کا احتجاج کا عندیہ دے دیا۔ صدر خالد پرویز نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے کاروبار تباہ ہوچکا ہے، حکومت تاجروں کو ریلیف کے بجائے تکلیف دے رہی ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں 50 ہزار روپے سے زائد کی خریداری پر شناختی کارڈ کی شرط آج یکم فروری سے لاگو ہوگئی تھی۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آرکی طرف سے قانون نافذ ہونے کے بعد اب تک اس ضمن میں دی گئی مہلت 31 جنوری کو ختم ہو گئی۔ قانون کی خلاف ورزی پر ایف بی آر کارروائی کر سکتا ہے، دس کروڑ سالانہ ٹرن اوور والا تاجر ود ہولڈنگ ایجنٹ نہیں ہوگا۔ دس کروڑ تک کی ٹرن اوور رکھنے والے تاجروں پر ٹرن اوور ٹیکس کی شرح کم کر دی گئی ہے۔ ٹرن اوور ٹیکس کی شرح کم کر 1.5 فیصد سے کم کرکے 0.5 فیصد کی گئی ہے۔ سیلز ٹیکس میں رجسٹریشن کے لیے سالانہ بجلی کے بل کی حد 6لاکھ روپے سے بڑھا کر 12لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔