ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر آج سے سعودی عرب کا 3 روزہ دورہ کریں گے: دفترِ خارجہ

وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر آج سے سعودی عرب کا 3 روزہ دورہ کریں گے: دفترِ خارجہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم آج سے سعودی عرب کا دورہ کریں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی ان کے ہمراہ جائیں گے، پاکستان ایران اور امریکا کےدرمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات کی بحالی کی حمایت کرتا ہے۔

 دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا کہ وزیراعظم 6 سے 8 اگست کے دوران سعودی عرب کا دورہ کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ، باہمی دلچسپی کے امور اور تعاون کے شعبوں پر بات چیت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطی کے معاملات بحال کرنے میں سفارتی کردار ادا کررہا ہے، عمان اس تمام تر صورتحال میں اپنا بہتر کردار ادا کررہا ہے، پاکستان عمان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

 طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات پر بھارتی بیانات بے بنیاد ہیں، آزاد کشمیر انتخابات شفاف انداز میں جاری ہیں، بھارت کے پاس ایسے بیانات کا کوئی اخلاقی جواز نہیں، بھارت آزاد کشمیر میں اموات کی غلط معلومات پھیلا کر مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے 13ویں انتخابات پرامن، شفاف اور آئین کے مطابق ہوئے، یہ انتخابات آزاد کشمیر کے لوگوں کی جمہوری اور سیاسی امنگوں کی عکاسی کرتے ہیں۔

 دفترِ خارجہ نے بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے بیٹے اور سابق مشیر سجیب واجد جوئے کے اس الزام کو قطعی طور پر مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے بنگلہ دیش کے اندرونی معاملات میں پاکستانی خفیہ ادارے کے ملوث ہونے کا دعویٰ کیا تھا، بنگلہ دیشی عوام اپنے معاملات خود حل کرنے کے اہل ہیں۔

 ترجمان نے انڈین اثر و رسوخ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ انڈیا آئی ایس آئی کے معاملے میں حد سے زیادہ غیر محفوظ ہے اور چونکہ یہ موصوف حسینہ واجد کے بیٹے خود بھی انڈیا میں مقیم ہیں، اس لیے لگتا ہے کہ یہ وائرس اب ان تک بھی پہنچ چکا ہے۔

 دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کو امید ہے کہ آبنائے ہرمز معاہدہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی بحالی کا باعث بنے گا۔ طاہر اندرابی نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ آبنائے ہرمز سے متعلق یہ معاہدہ مذاکرات کے تسلسل کی راہ ہموار کرے گا، خصوصاً ایران اور امریکہ کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات کی دوبارہ بحالی کے لیے پرامید ہیں۔