ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب میں پہلی بار دالوں کی قیمتوں  کے تعین کیلئے نئی گائیڈ لائنز جاری

پنجاب میں پہلی بار دالوں کی قیمتوں  کے تعین کیلئے نئی گائیڈ لائنز جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

کلیم اختر: پنجاب حکومت نے پہلی بار صوبے بھر میں دالوں کی قیمتوں کے یکساں اور شفاف تعین کے لیے باقاعدہ پلسز پرائسنگ گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔

محکمہ فوڈ سیفٹی نے مختلف اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد یہ رہنما اصول تیار کیے ہیں، جبکہ معاونِ خصوصی برائے فوڈ سیفٹی سلمیٰ بٹ نے ان گائیڈ لائنز کی منظوری میں اہم کردار ادا کیا۔

نئی پالیسی کے تحت تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ دالوں کے سرکاری نرخ فیصل آباد ہول سیل مارکیٹ کی قیمتوں کو بنیاد بنا کر مقرر کیے جائیں۔ حکومت نے فیصل آباد کی ہول سیل مارکیٹ کو صوبہ بھر میں دالوں کی قیمتوں کے تعین کے لیے بینچ مارک قرار دیا ہے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق اضلاع کے فیصل آباد سے فاصلے کی بنیاد پر چار مختلف ٹیئرز تشکیل دیے گئے ہیں، تاکہ ٹرانسپورٹ لاگت، اوور ہیڈ اخراجات اور مقررہ منافع کے مارجن کو مدنظر رکھتے ہوئے منصفانہ قیمتیں مقرر کی جا سکیں۔

پالیسی کے تحت فیصل آباد سے 100 کلومیٹر تک فاصلے پر واقع 7 اضلاع کو ٹیئر ون میں شامل کیا گیا ہے، جہاں فیصل آباد مارکیٹ ریٹ کے ساتھ مقررہ ٹرانسپورٹ کرایہ شامل کر کے قیمتیں طے کی جائیں گی۔ 100 سے 250 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع لاہور، گوجرانوالہ سمیت 9 اضلاع ٹیئر ٹو میں شامل ہیں، جبکہ 250 سے 400 کلومیٹر دور ملتان، سیالکوٹ سمیت 15 اضلاع کو ٹیئر تھری کا حصہ بنایا گیا ہے۔ 400 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر واقع راولپنڈی، مری سمیت 9 اضلاع ٹیئر فور میں شامل کیے گئے ہیں۔

حکومت نے ہدایت کی ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز انہی گائیڈ لائنز کے مطابق دالوں کی سرکاری قیمتیں مقرر کریں تاکہ صوبے بھر میں قیمتوں کے تعین کا ایک شفاف، متوازن اور یکساں نظام نافذ کیا جا سکے۔