پاک آرمی نے محمد آصف کی سب سے بڑی خواہش پوری کردی

پاک آرمی نے محمد آصف کی سب سے بڑی خواہش پوری کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حافظ شہباز علی) سوشل میڈیا سے شہرت پانے والے لانگ جمپر محمد آصف کو پاکستان آرمی نے ریکروٹ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق آرمی کے اتھلیٹکس کوچز محمد آصف کی کوچنگ کریں گے، مصدقہ ذرائع کے مطابق آصف اب لاہور آنے کی بجائے آرمی کی اتھلیٹکس ٹیم کو جوائن کریں گے۔ ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والے22سالہ نوجوان آصف مگسی کی 11 موٹر سائیکلوں کے اوپر سے لانگ جمپ کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس پر ملک بھر کے صارفین کی جانب سے اسے سراہا جارہا تھا۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پاکستان ایتھلیٹیکس فیڈریشن کے صدر اکرم ساہی نے نوجوان آصف سے رابطہ کرکے اسے لاہور بلایا۔ صدر پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن میجر جنرل (ر) اکرم ساہی نے آصف کے آرمی میں جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا  ان کا کہنا ہے کہ پاکستان آرمی میں آصف کو بہترین ٹریننگ ملے گی۔

یاد رہے آصف شادی شدہ ہیں اور ایک بیٹی کے باپ بھی ہیں۔ آصف مگسی کا کہنا ہے کہ ان کو پاک فوج میں جانے کا شوق تھا لیکن گھر کے خراب مالی حالات کی وجہ سے وہ آٹھویں کے بعد پڑھ نہیں پائے۔آصف نے بتایا کہ میں ایک فش فارم پر مچھلیاں بیچنے کا کام کرتا تھا۔ دن کے وقت یوں ہی تالاب کے اوپر چھلانگیں لگاتا رہتا تھا۔ اس کے بعد شوق بڑھتا گیا اور میں بڑی سے بڑی چھلانگ لگانے کا چیلنج قبول کرتا گیا۔انہوں نے کہا کہ ان کی شروع سے خواہش ہے کہ وہ پاکستان کا نام روشن کریں۔

Malik Sultan Awan

Content Writer