طاہر جمیل:بسنت 2027 کی تیاریاں تیز ہو گئی ہیں جس کے چلتے پتنگ اور ڈور سازوں کیلئے اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے لاہور میں مینوفیکچرنگ کو 5 مخصوص زون تک محدود رکھنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق نئے فیصلے کے تحت اب لاہور بھر میں ڈور اور پتنگیں تیار کرنے کی اجازت ہوگی اور مینوفیکچررز کیلئے کسی مخصوص زون کی پابندی نہیں ہوگی۔ تاہم ڈور اور پتنگ سازی کا کام صرف رجسٹرڈ اور لائسنس یافتہ مینوفیکچررز ہی کرسکیں گے۔
انتظامیہ کے مطابق لائسنس کے حصول کیلئے مینوفیکچررز کو درخواست میں تیاری کے مقام کی مکمل تفصیلات، پتہ اور جگہ کی تصویر فراہم کرنا لازمی ہوگا۔ جس مقام کیلئے اجازت دی جائے گی، مینوفیکچرنگ کا عمل صرف اسی جگہ تک محدود رہے گا۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ لاہور میں صرف رجسٹرڈ مینوفیکچررز ہی پتنگ اور ڈور تیار کرسکیں گے۔ اس سے قبل شہر میں پتنگ اور ڈور سازی کیلئے 5 مقامات تجویز کیے گئے تھے، تاہم اب یہ پابندی ختم کردی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق بسنت کے لیے پتنگ بازی کا سامان تیار کرنے کے خواہشمند افراد کیلئے رجسٹریشن اور اجازت نامہ حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ صرف این او سی حاصل کرنے والے افراد ہی منظور شدہ پتنگ اور ڈور تیار کرسکیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں منظور شدہ سامان کی تیاری کی کڑی نگرانی کریں گی۔ بسنت کیلئے صرف مقررہ سائز کی پتنگیں اور سوتی ڈور تیار کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ ڈور کیلئے پنا بھی منظور شدہ معیار کے مطابق ہونا لازم ہوگا۔
مینوفیکچررز کے لائسنس کیلئے ایک ہزار روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق مقررہ معیار اور سائز سے ہٹ کر پتنگ یا ڈور تیار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔