سٹی42: نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی نے رجب بٹ، اقرا کنول اور محمد انس کو طلب کر لیا ۔
این سی سی آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لاہور زون شعیب ریاض نے تینوں شخصیات کو 9 ستمبر کو صبح 11 بجے گلبرگ ٹو کے دفتر میں تفتیش کیلئے بلایا ہے۔
ملزم رجب بٹ، اقرا کنول اور محمد انس پر آن لائن جوائے اور غیر قانونی آن لائن دھندوں میں ملوث ہونےکا الزام ہے۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی ان الزامات کے حوالے سے تحقیقات کر رہی ہے ۔
رجب اور اقرا کو 9 ستمبر کو صبح 11 بجے این سی سی آئی اے کے دفتر گلبرگ میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ آن لائن جوئے کی ایپ سے متعلق دونوں نے لوگوں کو گمراہ کیا۔
ڈکی بھائی سے تحقیقات
سوشل میڈیا پر جوئے کی ترغیب دینے اور فحش مواد اپ لوڈ کرنے میں ملوث سوشل میڈیا شخصیات پر کریک ڈاؤن کا آغاز ڈکی بھائی کے نام سے مشہور یو ٹیوبر سعد الرحمان سے ہوا تھا۔ اس کے جوئے کی ایپ کی تشہیر اور دیگر جرائم کی تحقیقات کرنے کے بعد اسے گرفتار کیا گیا اور عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ لیا گیا۔ اس وقت بھی ڈکی بھائی جسمانی ریمانڈ سے گزر رہا ہے۔
یہ چھٹی بار ہے کہ ڈکی بھائی کے ریمانڈ میں توسیع کی گئی ہے۔ ڈکی بھائی پر الزام ہے کہ اس نے اپنے یوٹیوب چینل کے ذریعے غیر قانونی جوا کھلانے والی ایپلیکیشنز کی تشہیر کی۔
اسی الزام کے تحت 17 اگست کی نصف شب نیشنل کرائم ایجنسی لاہور نے ریاست کی مدعیت میں اس کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
مقدمے میں الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کی دفعات 13 (الیکٹرانک جعلسازی)، 14 (الیکٹرانک فراڈ)، 25 (اسپیم)، 26 (اسپوفنگ) کے علاوہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 294-بی اور 420 بھی شامل ہیں۔