(فہد بھٹی) پاک سری لنکا ٹی 20سیریز کیلئے ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کردیا گیا، انتظامیہ کی جانب سے شائقین کے لیے 9 پارکنگ سٹینڈ بھی بنائے گئے ہیں اور فری شٹل سروس بھی چلائی جائے گی۔
سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے 1600 سے زائد وارڈنز ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے تاکہ ٹریفک کی روانی کو بہتر رکھا جاسکے جبکہ کینال روڈ کو مکمل طور پر ٹریفک کیلئے کھلا رکھا جائے گا، ٹریفک پولیس نے شائقین کرکٹ کیلئے نو پارکنگ سٹینڈز مختص کر دیئے ہیں، جیل روڈ اور مزنگ سے آنیوالے شائقین ایف سی کالج میں گاڑیاں پارک کرینگے، کاہنہ، کوٹ لکھپت سے آنیوالوں کیلئے لبرٹی مارکیٹ میں پارکنگ مختص، کینٹ، گلبرگ سے آنیوالوں کیلئے کیولری، فردوس مارکیٹ پارکنگ کیلئے مختص کی گئی، موٹروے، ٹھوکر سے آنیوالی گاڑیاں فیصل ٹاؤن یونیورسٹی ہاسٹلز میں پارک کرینگے، پارکنگ کرنیوالوں کے شناختی کارڈ، میچ کی ٹکٹیں ہونا لازمی ہوگا، پارکنگ ایریا سے مفت شٹل سروس کا انتظام کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اچھرہ سے آنے والی ٹریفک کو ڈائیورشن لگا کر متبادل راستہ فراہم کیا جائے گا، لبرٹی سے آنیوالی ٹریفک کو مین مارکیٹ کی طرف موڑا جائے گا، اس کے علاوہ برکت مارکیٹ سے لبرٹی کی طرف آنے والی ٹریفک کو متبادل راستہ فراہم کیا جائے گا جبکہ کلمہ چوک سے ٹریفک کو برکت مارکیٹ کی جانب ڈائیورشن لگائی جائیں گی، راستہ ایپ،ایف ایم 88.6 کے ذریعے بھی شہریوں کو آگاہ رکھا جائے گا۔
شائقین کی سہولت کیلئے قذافی اسٹیڈیم کے اطراف میں بند راستوں کی جگہ متبادل راستے فراہم کیے جائیں گے، شائقین کیلئے پارکنگ سٹینڈ لبرٹی، ایف سی، ظہور الہیٰ روڈ، پنجاب یونیورسٹی ہاسٹل گراؤنڈ میں پارکنگ سٹینڈز سے متعلق آگاہی پوسٹرز بھی لگائے گئے ہیں، جن کو انتظامیہ کی جانب سے پارکنگ سٹینڈ سے اسٹیڈیم تک مفت شٹل سروس کی سہولت بھی دی جائے۔