( رضوان نقوی ) واہگہ بارڈر کے راستے 193 مسافر لاہور پہنچ گئے، کسٹمز ٹیم نے کورونا صورتحال کے پیش نظر حفاظتی تدابیر اپنا کر مسافروں کی کلیئرنس کی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدیں بند ہونے سے دونوں ملکوں میں پھنسے ہوئے عام شہریوں کو واپس بھیجنے کے لیے انتظامات مکمل ہیں۔ لاک ڈاؤن اور کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر بھارت میں 193 پاکستانی اور پاکستان میں 205 بھارتی شہری ہیں، جن میں 105 بھارتی طالب علم بھی شامل ہیں۔
واہگہ بارڈر کے راستے پیدل لاہور پہنچنے والے تمام مسافر پاکستانی ہیں۔ اسسٹنٹ کلکٹر کسٹمز اسفند یار خان کی سربراہی میں ٹیم نے واہگہ پہنچنے پر مسافروں کا استقبال کیا۔
کسٹمز کلیئرنس کیلئے سپرانٹنڈنٹ شاہد جوئیہ، محمد شبیر، شاہد مبشر اور سلیم ڈوگر موجود تھے۔ واہگہ بارڈر پر مسافروں کی آمد کے پیش نظر کورونا صورتحال کے مطابق انتظامات کئے گئے تھے۔
یاد رہے پاکستان پہنچنے والے پاکستانی بھارتی ریاستوں پنجاب، ہریانہ اور اترپردیش کے مختلف شہروں میں پھنسے ہوئے تھے۔ دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے متاثرہ شہریوں کے لیے ویزوں میں توسیع بھی کر دی تھی۔