ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لیسکو میں ٹرانسفارمرز کا بحران، صارفین گھنٹوں بجلی سے محروم

بڑھتی ہوئی خرابیوں کے پیش نظر لیسکو انتظامیہ نے متعلقہ دفاتر کو مراسلہ جاری کر دیا ہے

لیسکو میں ٹرانسفارمرز کا بحران، صارفین گھنٹوں بجلی سے محروم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

شاہد سپرا:  لیسکو میں ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی بڑھتی ہوئی خرابی کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

 ذرائع کے مطابق جلنے اور خراب ہونے والے ٹرانسفارمرز کی شرح میں ریکارڈ اضافہ ہونے سے کمپنی کو شدید دباؤ کا سامنا ہے، جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی کی طویل بندش معمول بنتی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو کے پاس 200 کے وی اے صلاحیت کے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی قلت شدت اختیار کر چکی ہے، جس کے باعث خراب ٹرانسفارمرز کی فوری تبدیلی ممکن نہیں رہتی اور صارفین کو کئی کئی گھنٹے بجلی سے محروم رہنا پڑتا ہے۔

بڑھتی ہوئی خرابیوں کے پیش نظر لیسکو انتظامیہ نے متعلقہ دفاتر کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حالیہ عرصے میں ٹرانسفارمرز خراب ہونے کی شرح میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس پر فوری انتظامی اقدامات کی ضرورت ہے۔

مراسلے کے مطابق تمام متعلقہ دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں ٹرانسفارمرز کا لوڈ بیلنس یقینی بنائیں تاکہ اوور لوڈنگ کے باعث مزید ٹرانسفارمرز خراب ہونے سے بچایا جا سکے۔ اس کے علاوہ خراب ٹرانسفارمرز کی بروقت تبدیلی کے لیے ٹرالی ٹرانسفارمرز کو فوری طور پر آپریشنل رکھنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

بجلی صارفین کا کہنا ہے کہ ٹرانسفارمرز کی خرابی کے باعث انہیں گھنٹوں بجلی کی بندش برداشت کرنا پڑ رہی ہے، جس سے گھریلو معمولات، کاروباری سرگرمیاں اور شدید گرمی میں روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ لیسکو ٹرانسفارمرز کی قلت دور کرنے اور خراب ٹرانسفارمرز کی فوری تبدیلی کے لیے ہنگامی اقدامات کرے تاکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔