سعید احمد: ڈنکی کے ذریعے غیر قانونی طور پر اٹلی جانے کی کوشش کرنے والے دو پاکستانی شہری تیونس سے ڈی پورٹ ہونے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، جہاں لاہور ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے انہیں تحویل میں لے لیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان محمد انس اور محمد ارسلان ایمرجنسی پاسپورٹ پر لاہور ایئرپورٹ پہنچے۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ دونوں کچھ عرصہ سعودی عرب میں مقیم رہے، جہاں سے انہوں نے یورپ جانے کے لیے غیر قانونی راستہ اختیار کیا۔
ایف آئی اے کے مطابق دونوں ملزمان نے بعد ازاں لیبیا کے راستے کشتی کے ذریعے غیر قانونی طور پر اٹلی پہنچنے کی کوشش کی، تاہم دورانِ سفر تیونس کی پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق قانونی کارروائی کے بعد تیونس حکام نے دونوں پاکستانی شہریوں کو ڈی پورٹ کر کے واپس پاکستان بھجوا دیا۔
ایف آئی اے نے ملزمان کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا ہے، جہاں ان سے انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک اور سہولت کاروں سے متعلق بھی تحقیقات کی جائیں گی۔
ایف آئی اے نے شہریوں کو ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ بیرونِ ملک جانے کے لیے غیر قانونی ذرائع اور ڈنکی جیسے خطرناک راستوں سے گریز کریں، کیونکہ ایسے سفر نہ صرف جان کے لیے خطرناک ہوتے ہیں بلکہ قانونی مشکلات کا بھی باعث بنتے ہیں۔