علی ساہی: ٹریفک وارڈنز کے رویے کی مانیٹرنگ اور چالان کے نظام کو ویڈیو شواہد سے مشروط کرنے کے لیے 8 ہزار جدید باڈی کیم خریدنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ ہر چالان کے ساتھ ویڈیو شہادت لازمی ہوگی، جس کے لیے وارڈنز کو باڈی کیمرے فراہم کیے جائیں گے۔ ان جدید کیمروں میں نائٹ ویژن اور آواز کی ریکارڈنگ کی سہولت بھی موجود ہوگی تاکہ دن اور رات ہر وقت واضح ویڈیوز ریکارڈ کی جا سکیں۔ ان کیمروں کے ذریعے نہ صرف چالان کی ویڈیو بنائی جائے گی بلکہ وارڈنز اور شہریوں کے رویے کی بھی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہرچالان پر متعلقہ شہری کے موبائل نمبر پر کیو آر کوڈ کے ذریعے ویڈیو بھیجی جائے گی، جس سے شفافیت میں اضافہ ہوگا۔ تمام باڈی کیمرے ضلعی کنٹرول رومز اور سنٹرل کنٹرول روم سے منسلک ہوں گے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر 3 ہزار باڈی کیمروں کی خریداری مکمل کر لی گئی ہے جبکہ باقی ماندہ کیمروں کی خریداری رواں مالی سال میں مکمل کر لی جائے گی۔ اس اقدام سے ٹریفک قوانین کے نفاذ اور عوامی اعتماد میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔