کورٹ سٹریٹ (قذافی بٹ) الیکشن کمیشن 3 فروری سے پہلے بلدیاتی الیکشن کروانے کیلئے سنجیدہ، حکومت کا ردعمل غیر سنجیدہ، پنجاب حکومت نےالیکشن کمیشن کی وارننگ کے باوجود ویلیج اور پنچائیت کونسل کے نام نہ دیئے، الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں کیلئے اجلاس طلب کرلیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے انعقاد کے لئے تیاریاں شروع کردی، اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے بدھ کے روز اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے تاریخوں کے تعین پر مشاورت کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کو اجلاس میں اپنا نمائندہ بھیجنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی طور پر بلدیاتی الیکشن کا انعقاد 3فروری سے پہلے ضروری ہے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن کی بار بار تنبیہ کے باوجود ابھی تک ویلیج اور پنچائیت کونسل کے نام نہیں بھجوائے جس وجہ سے پہلے مرحلے میں تاخیر ہورہی ہے۔
واضح رہےکہ تبدیلی سرکار کی جانب سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں بلدیاتی ایکٹ 2019 نافذ کیا جا چکا ہے، ایکٹ کے تحت اپریل 2020 تک بلدیاتی انتخابات کروائے جانے تھے لیکن پنجاب حکومت نے ایکٹ میں ترامیم کرکے فروری 2021 تک گیارہ ماہ کی توسیع لے لی تھی اب حکومت نے الیکشن کے انعقاد میں مزید 5 ماہ کی توسیع لینے کا فیصلہ کرلیا، اس مقصد کے لئے بلدیاتی ایکٹ 2019 میں توسیع کی ترمیم تیار کر لی گئی ہے جس کےمطابق بلدیاتی انتخابات جولائی 2021 تک کروائے جا سکیں گے۔