ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور ؛ تین روزہ امراض چشم کی سالانہ کانفرنس کا آغاز

لاہور ؛ تین روزہ امراض چشم کی سالانہ کانفرنس کا آغاز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : لاہورمیں آفتھلمولوجیکل سوسائٹی آف پاکستان (OSP) کے زیر اہتمام اور پاکستان اوکلوپلاسٹک ایسوسی ایشن (POA) کے اشتراک سے امراض چشم کا سب سے بڑا سالانہ سائنسی اور تحقیقی اجتماع آج شروع ہو گیا ہے۔ تین روز پر محیط یہ اہم کانفرنس 7 دسمبر 2025 تک جاری رہے گی، جو "43 ویں لاہور آفتھلمو اور POA کا تیسرا سالانہ سمپوزیم" کے عنوان سے منعقد کی جا رہی ہے۔

 امراض چشم سے متعلقہ یہ تین روزہ کانفرنس جدید سائنسی تحقیق، امراض چشم کے تدارک کے عالمی رجحانات، لائیو سرجیکل سیشنز، ہینڈز آن ٹریننگ، اور جدید ترین آلات کی نمائش کا ایک کلیدی مرکز بن گئی ہے۔

 اس سال کانفرنس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال چوہدری اور جنرل سیکرٹری کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر ناصر چوہدری ادا کر رہے ہیں، اور پاکستان اوکلوپلاسٹک ایسوسی ایشن اس تقریب کا ایک خصوصی حصہ ہے۔ کانفرنس کے پہلے روز دنیا بھر سے امراض چشم کے ممتاز ماہرین نے شرکت کی۔

 USA، UK، کینیڈا، یورپ، ہانگ کانگ/چین، UAE، ترکی، پرتگال، نیپال، اور یونان سمیت مختلف ممالک سے 21 بین الاقوامی مقررین اور ایک بڑی تعداد میں قومی مقررین اپنے تجربات کا تبادلہ کر رہے ہیں۔اس ورکشاپ میں مقررین کی کل تعداد 400 کے لگ بھگ ہے اور تقریباً 1800 شرکاء کی رجسٹریشن متوقع ہے۔ورکشاپ میں 8 مختلف ہالوں میں تقریباً 100 سیشنز منعقد کیے جا رہے ہیں۔یہ کانفرنس روزانہ 4 سمپوزیا (Symposia) اور 6 تدریسی کورسز بھی منعقد کرے گی۔

 شرکاء کو پاکستان میں دستیاب جدید ترین اور عصری امراض چشم کے آلات اور مصنوعات کی سب سے بڑی نمائش دیکھنے کا موقع مل رہا ہے، جو بصارت کی بیماریوں کے جدید طریقوں میں معاون ثابت ہوں گے۔

 پروفیسر ڈاکٹر محمد معین، چیئرمین سائنٹیفک کمیٹی آفتھلمولوجیکل سوسائٹی آف پاکستان نے بین الاقوامی شرکاء کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا:"21 مشہور بین الاقوامی مقررین کی شرکت ہمارے کامیاب کانفرنس کے انعقاد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پروگرام میں آج جمعہ کی شام ایک پلینیریری سیشن، ہفتہ کی صبح لائیو سرجری، اور اتوار کو پاکستان بھر کے ماہرین چشم کے لیے کوئز مقابلہ کا باقاعدہ اہتمام شرکاء کے لیے خوش آئند اضافہ ہے۔"

صدر آفتھلمولوجیکل سوسائٹی آف پاکستان پروفیسر ڈاکٹر جاوید چوہدری اور سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر ناصر چوہدری نے شعبہ امراض چشم کے لیے اس سب سے بڑے سالانہ سائنسی اور تحقیقی کانفرنس کے کامیاب آغاز پر درج ذیل عہدیداران کی خدمات اور کاوشوں کو سراہا: چیئرمین سائنٹیفک کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد معین، منتخب صدر پروفیسر ڈاکٹر قاسم لطیف چوہدری، جوائنٹ سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر میاں ارشد محمود، خزانچی ڈاکٹر عرفان کرامت، اور صدر پاکستان اوکولوپلاسٹک ایسوسی ایشن پروفیسر ڈاکٹر خواجہ خالد شعیب۔ انہوں نے ایگزیکٹو ممبران اور سپرا اسپیشلٹی سوسائٹیز کے چیئرپرسنز کی کوششوں کو بھی سراہا جنہوں نے جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سائنسی پروگرام کو ڈیزائن کیا اور تمام شرکاء کے لیے یکساں تجربے کو یقینی بنایا ہے۔