عمران خان اور شاہ محمود پر سائفر کیس میں فرد جرم 12 دسمبر کو عائد کی جائے گی

City42, Adiala Jail, Cypher Case, Special Court, Judge Abualhasnat
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:  اسلام آباد میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ  کے تحت قائم خصوصی عدالت نے سائفر کیس کی گزشتہ سماعت کے تحریری حکمنامہ میں ملزمان پر 12 دسمبر کو فرد جرم عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔ 

 خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے تحریری حکم نامہ میں بتایا کہ دوران سماعت میڈیا کے نمائندےاور دیگر افراد کمرہ عدالت میں موجود رہے۔سماعت کے دوران سی آر پی سی کی دفعہ 352 کے تمام تقاضے پورے کیے گئے۔

حکمنامہ میں بتایا گیا کہ پیر کے روز ہونے والی سماعت میں ملزموں کے وکیل اور پراسیکیوٹرنے دلائل دیئے۔ وکیل صفائی کے مطابق آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی دفعہ 13، 6 کے مطابق ٹرائل کے حوالے سے حکومت کا حکم نامہ موجود نہیں، وکیل کے مطابق حکومتی حکم نامے کی عدم موجودگی میں سائفر کیس کا ٹرائل عدالت کا دائرہ اختیار نہیں۔

پراسیکیوٹر کے مطابق آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی دفعہ 13، 6 میں حکومتی حکم نامے کو ضروری قرار نہیں دیا گیا، پراسیکیوٹر کے مطابق اس حوالے سے حکومتی نوٹیفکیشن بھی عدالت میں پیش کیا جاسکتا ہے۔

 حکم نامہ میں ہدایت کی گئی کہ پراسیکیوٹر آئندہ سماعت پر آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی دفعہ 13، 6 کے تحت حکومت کی جانب سے عمومی یا خصوصی حکم نامہ پیش کریں۔

حکم نامہ کے مطابق  پیر کے روز دوران سماعت ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کی گئیں، ملزمان اور وکلاء نے چالان کی نقول وصول کیں۔ ملزمان کی جانب سے چالان کی نقول وصول کرکے دستخط کیے گئے اور انگوٹھے کے نشان لگائے گئے۔ چالان کی نقول وصول کرتے ہوئے ملزمان کی جانب سے کسی قسم کا کوئی اعتراض نہیں کیا گیا۔

 حکم نامہ میں قرار دیا گیا کہ آئندہ سماعت 12 دسمبر 2023 کو ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔