دور نایاب: وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کاا جلاس ، ڈرائیونگ لائسنس کی فیس میں اضافے کی منظوری،اطلاق یکم جنوری سے ہوگا ۔ اجلاس میں باغ جناح کا کنٹرول پی ایچ اے سے لیکر والڈ سٹی کو دینے کی منظوری سمیت اہم فیصلے کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم جنوری سے قبل ڈرائیونگ لائسنس موجودہ شرح فیس سے بنائے جائیں گے ۔ یکم جنوری سے لرنر کی فیس 60روپے سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کردی جائے گی ۔ ایل ٹی وی، ایچ ٹی وی، پی ایس وی لائسنس فیس کی شرح میں بھی اضافہ ہوگا۔امریکہ، کینیڈا اور دیگر ممالک کے شہری آن لائن 100ڈالر ادا کر کے لائسنس بنواسکیں گے ۔ سرکاری میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے طلبا وطالبات کے لئے ٹرانسفر پالیسی کی منظوری دی گئی ۔
پنجاب کابینہ نے چولستان کے بے زمین کاشتکاروں کو سرکاری اراضی ا لاٹ کرنے کے لئے شفاف قرعہ اندازی کی منظوری دے دی ۔ چولستان میں 3لاکھ44ہزار ایکڑ اراضی بے زمین کاشتکاروں کو دینے کافیصلہ کیا گیا،ہر کاشتکار کو ساڑھے 12ایکڑ زمین خصوصی امدادی نرخ پر دی جائے گی ۔ جیلوں کے ہسپتالوں کا انتظام محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کے سپرد کردیا گیا، کابینہ نے قیدیوں کے لئے ہیلتھ کیئر مینجمنٹ سسٹم کی منظوری دے دی ۔
پنجاب میں نرسنگ کی طالبات کی تعداد دگنی کرنے کے لئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی۔لاہور اور بہاولپور کی یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز کے وائس چانسلرزکی سلیکشن کے لئے سرچ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی ۔ پنجاب سپیشل پریمیسز (پریزرویشن) آرڈیننس 1985ء کے تحت باغ جناح کو خصوصی حیثیت دینے کی منظوری دی گئی۔باغ جناح کی تاریخی اہمیت کے پیش نظر انتظامی امور والڈ سٹی اتھارٹی کے سپرد کردیئے گئے۔ صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، اعلیٰ حکام اور متعلقہ سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔