کلیم کھوکھر:پنجاب حکومت نے گندم کی نئی ریلیز پرائس مقرر کرتے ہوئے فی من قیمت 3 ہزار 800 روپے کر دی ہے۔
محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن پنجاب کی جانب سے گندم کی نئی ریلیز پرائس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد نئی قیمت کا باقاعدہ اطلاق شروع ہو گیا ہے۔
محکمہ فوڈ سیفٹی پنجاب کے ترجمان کے مطابق وفاقی حکومت نے پنجاب کو پاسکو سے گندم کی فوری خریداری کی ہدایت جاری کی ہے، جبکہ صوبے کو پاسکو سے مزید 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی فراہمی کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق محکمہ فوڈ سیفٹی پنجاب پاسکو سے 2 لاکھ میٹرک ٹن گندم پہلے ہی حاصل کر چکا ہے، جبکہ پاسکو سے حاصل کی جانے والی گندم کی قیمت 4 ہزار 150 روپے فی 40 کلوگرام مقرر کی گئی ہے۔
محکمہ فوڈ سیفٹی نے بتایا کہ ای سی سی کے 28 جنوری 2026 کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
حکومت پنجاب نے صوبے میں آٹے اور گندم کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے نئی حکمت عملی پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ محکمہ فوڈ سیفٹی کے مطابق پاسکو سے گندم کی فراہمی کے بعد صوبے میں آٹے کی دستیابی مزید بہتر ہو گی۔
حکومت نے آٹے کی قیمتیں مستحکم رکھنے اور عوام کو 15 روپے میں روٹی کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا ہے۔