ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مون سون بارشیں: ڈی سی لاہور کا واسا اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم

مون سون بارشیں: ڈی سی لاہور کا واسا اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

طاہر جمیل:مون سون بارشوں کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے واسا اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔

ڈی سی لاہور کی زیر نگرانی شہر بھر میں بارشی پانی کی نکاسی کا آپریشن جاری ہے، جبکہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور واسا افسران فیلڈ میں موجود رہتے ہوئے نکاسی آب کے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق لاہور کے تمام علاقوں میں بارشی پانی کی نکاسی کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ مرکزی شاہراہوں، انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں سے پانی کے فوری اخراج کے لیے مشینری اور ڈی واٹرنگ پمپس تعینات کر دیے گئے ہیں۔

واسا کا فیلڈ اسٹاف اور مشینری اہم شاہراہوں پر نکاسی آب کے لیے متحرک ہے، جبکہ گلی محلوں اور رابطہ سڑکوں سے پانی کی فوری نکاسی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

ڈی سی لاہور نے ہدایت کی ہے کہ تمام انڈر پاسز سے پانی کی نکاسی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو بارش کے خاتمے تک مکمل استعداد اور جنریٹر بیک اپ کے ساتھ فعال رکھا جائے۔

کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ نکاسی آب کے عمل میں غفلت یا سستی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام افسران فیلڈ میں رہ کر کلیئرنس آپریشن اپنی نگرانی میں مکمل کروائیں۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ تیز بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بجلی کے کھمبوں، تاروں اور برقی آلات سے محفوظ فاصلے پر رہتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔