فریحہ بتول:یومِ آزادی قریب آتے ہی شہر بھر میں جشنِ آزادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، جبکہ بازار قومی پرچموں، جھنڈیوں اور سبز و سفید سجاوٹی اشیا سے سج گئے ہیں۔
شہر کے مختلف بازاروں میں جشنِ آزادی کے حوالے سے خصوصی اسٹالز قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں قومی پرچم، بیجز، ٹی شرٹس، سکارف، سبز و سفید چوڑیاں، کیپس اور دیگر سجاوٹی اشیا شہریوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
والدین بڑی تعداد میں بچوں کے لیے قومی پرچم، یومِ آزادی کا سامان اور دیگر اشیا خریدنے بازاروں کا رخ کر رہے ہیں، جبکہ خواتین میں سبز و سفید چوڑیوں، جیولری اور سکارف کی خریداری کا رجحان بھی بڑھتا جا رہا ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ یومِ آزادی قریب آتے ہی خریداروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور شہری جوش و جذبے کے ساتھ جشنِ آزادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
بازاروں میں سبز و سفید رنگوں کی بہار نے جشنِ آزادی کی خوشیوں کو مزید نمایاں کر دیا ہے، جبکہ شہری اپنے اپنے انداز میں وطن سے محبت کا اظہار کرنے کے لیے تیاریاں کر رہے ہیں۔