ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون،  کئی سکیمیں تاحال نامکمل

 لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون،  کئی سکیمیں تاحال نامکمل
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

طاہر جمیل: وزیراعلیٰ کے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے پہلے فیز کی متعدد سکیمیں تاحال مکمل نہ ہو سکیں، جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

نیو ڈیفنس چندرائے روڈ پر جاری ترقیاتی کام کی سست روی نے علاقہ مکینوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ 8 کلومیٹر طویل سڑک کی بحالی کا منصوبہ گزشتہ سال دسمبر میں مکمل ہونا تھا، تاہم ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود کام تاحال نامکمل ہے۔

ادھورا منصوبہ نہ صرف ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بن رہا ہے بلکہ حادثات کا سبب بھی بننے لگا ہے۔ بارش کے بعد صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے اور کیچڑ و پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق سڑک کے ساتھ موجود نالہ بھی خطرناک شکل اختیار کر چکا ہے، جس کے باعث متعدد حادثات رونما ہو چکے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی قیمتی جانیں ضائع ہونے کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔

متاثرہ افراد نے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے اور منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے۔