سٹی42: ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی علاقے چک 520 گ ب میں گھر میں زہر آلود چائے پینے کے نتیجے میں چار بہن بھائی جاں بحق ہوگئے. ماں اور ایک بیٹی کی حالت نازک ہے بچوں کے باپ کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تھانہ صدر کی حدود میں واقع گاؤں چک نمبر 520 گ ب میں مبینہ طور پر زہر ملی ہوئی چائے سے ماں اور اس کے 5 بچوں کی حالت خراب ہو گئی۔ 18سالہ مدیحہ،17 سالہ ثانیہ، 10 سالہ اقرا اور 7 سالہ علی حسن چائے پینے سے جاں بحق ہو گئے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ہسپتال میں زیر علاج اقصیٰ کی حالت تشویشناک ہے جبکہ بچوں کی والدہ نادیہ بی بی کی حالت اب بھی خطرے میں ہے۔
مرنے والے بچوں کے باپ کی گرفتاری
پولیس نے بچوں کے باپ اصغر کو گرفتار کر لیا ہے۔ بچوں کی والدہ نادیہ بی بی نے پولیس کو بتایا کہ چائے میں ان کے شوہر نے زہر ملایا ہے۔ چائے پینے کے بعد سب کی حالت غیر ہو گئی تھی۔ نادیہ بی بی نے بتایا کہ ان کا شوہر اصغر بیٹیوں کے رشتے کے باعث آئے روز گھر میں جھگڑا کرتا تھا والد اصغر کا کہنا تھا کہ مجھے کام پر خبر ملی کہ بیوی اور بچوں نے زہر کھا لیا ہے۔
بچیوں کے رشتہ کے معاملہ پر جھگڑا ہوا
ملزم اصغر نے پولیس کی ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ اس کی بیوی، بچوں نے باہر سے کچھ نہیں کھایا ۔ اس نے تسلیم کیا کہ بیوی کے ساتھ بیٹی کے رشتے کے تنازعے پر لڑائی ہوئی تھی۔
آر پی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان نے اس کیس کی خود نگرانی شروع کر دی ہے۔ انہوں نے متاثرین کو علاج کی بہتر سہولیات دلوانے کے لئے اس کیس سے متعلق پولیس اہلکاروں کو ہسپتال انتظامیہ سے رابطہ میں رہنے کا حکم دیا ۔ ایس پی انوسٹی گیشن ملک ظفر عباس ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر سمیر علی اور اے ڈی سی جی ذیشان لبھا بھی ہسپتال پہنچ گئے۔ میبنہ زہر خورانی کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہو گئی ماں اور بیٹی کو الائیڈ ہسپتال ریفر کر گیا ہے۔