ویب ڈیسک : وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ماضی کی روایات کےبرعکس انتظامیہ اور پولیس سیاسی طو رپر آزاد اور فیصلے کرنے میں خود مختار ہے -
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اور پولیس کو خود مختاری دینے کی ایسی مثال نہ پہلےتھی نہ آئندہ نظر آئے گی،عوام کی خدمت کر نیوالے افسرو ں اور عملے کے ساتھ کھڑا ہوں۔ اچھے نتائج اور بہترین سروس ڈلیوری کیلئے پولیس اور انتظامیہ کو مربوط انداز میں فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ غیر جانبداری اور قواعد و ضو ابط کے مطابق فرائض سرانجام دینا اچھے افسر کی پہچان ہے، انتظامیہ او رپولیس کی منظم کاوشوں میں کامیابی پوشیدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو اچھی خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، یہ وقت محنت کر کے عوام کو ڈلیور کرنے کا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ عام آدمی کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنے کیلئے نئے عزم اورجذبے سے کام کرنا ہوگا، بہترین کارکردگی اور عوامی مسائل حل کرنے پر افسروں کی حوصلہ افزائی اور خراب کارکردگی پر افسروں سے باز پرس ہوگی،عوامی خدمت کے مشن میں کسی دباؤ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔