(ملک اشرف) سیکرٹری قانون پنجاب نذیر احمد گنجانہ کا کنڑیکٹ ختم ہوگیا،حکومت پنجاب نے سیکرٹری کوآپریٹیو احمد رضا سرور کو سیکرٹری قانون کا اضافی چارج سونپ دیا.
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری قانون پنجاب نذیر احمد گنجانہ کا کنڑیکٹ ختم ہوگیا ہے۔ نذیر احمد گنجانہ کا حکومت پنجاب سے کنٹریکٹ ختم ہونے کے بعد حکومت پنجاب نے سیکرٹری کوآپریٹیو احمد رضا سرور کو سیکرٹری قانون کی اہم ترین آسامی کا اضافی چارج سونپ دیا ہے۔سیکرٹری کوآپریٹو احمد رضاسرورسوموار سے سیکرٹری قانون کا اضافی چارج سنبھالیں گے اور کام شروع کر دیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ یہ خبر زیر گردش تھی کہ پنجاب حکومت نے صوبے کے پانچویں آئی جی پولیس پنجاب شعیب دستگیر کو عہدے سے ہٹانے کے بعد اب سیکرٹری قانون پنجاب کو بھی عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا، اس سلسلے میں سیکرٹری قانون پنجاب نذیر احمد گنجانہ کو باقاعدہ ایک ماہ کا نوٹس جاری کردیا گیا تھا۔
پنجاب حکومت نے نئے سیکرٹری قانون کی تعیناتی کے لئے درخواستیں طلب کررکھیں ہیں، نیا سیکرٹری قانون پنجاب ریٹائرڈ ہونے والے سیشن جج بہادر علی خان کو لگائے جانے کا امکان ہے۔ وہ لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں،ڈیپوٹیشن پر سیکرٹری قانون پنجاب تعینات کیا جائے گا۔