ویب ڈیسک: آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کی پیشی کے لیے حکومت نے تیاریاں تیز کر دی ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بجٹ 10 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس 10 جون بروز بدھ شام 5 بجے طلب کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ اس حوالے سے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں کی سمری بھی متعلقہ حکام کو بھجوا دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ پیش کرنے کے شیڈول کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور جلد باضابطہ اعلان متوقع ہے۔
یاد رہے کہ ابتدائی طور پر وفاقی بجٹ 5 جون کو پیش کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، تاہم بعد میں اس پروگرام میں تبدیلی کرتے ہوئے بجٹ کی تاریخ آگے بڑھا دی گئی۔
دوسری جانب قومی اقتصادی کونسل کا 3 جون کو متوقع اجلاس بھی ملتوی کر دیا گیا تھا، جس کے بعد بجٹ شیڈول میں ردوبدل کی قیاس آرائیاں سامنے آئیں۔
ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 4 کھرب روپے سے زائد مالیت کا قومی ترقیاتی پروگرام شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس کا مقصد مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔