عرفان ملک: لاہور پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 80 لاکھ روپے مالیت کے سونا چوری کیس میں مطلوب ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملت پارک پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم بالاج عرف بالی کو حراست میں لے لیا، جو واردات کے بعد سے مفرور تھا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزم نے واردات سے قبل اپنے ساتھیوں کو نشہ آور چیز کھلا کر بے ہوش کیا اور بعد ازاں 334 گرام 790 ماشے سونا لے کر فرار ہو گیا تھا۔
پولیس کے مطابق چوری کیے گئے سونے کی مالیت تقریباً 80 لاکھ روپے تھی۔ ملزم کے خلاف تھانہ پرانی انارکلی میں مقدمہ نمبر 1562/24 درج ہے اور وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے کر قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔