ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مقتولہ ٹک ٹاکر ثناء یوسف کی قاتل سے آخری گفتگو کیا ہوئی؟

مقتولہ ٹک ٹاکر ثناء یوسف کی قاتل سے آخری گفتگو کیا ہوئی؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: مقتولہ ٹک ٹاکر ثناء یوسف کی اپنے قاتل سے ہونے والی آخری گفتگو سامنے آگئی، جو اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ کے باہر گولی مارنے سے قبل ہوئی تھی۔

پولیس کے مطابق 22 سالہ ٹک ٹاکر عمر حیات عرف کاکا ثناء یوسف سے دوستی کرنا چاہتا تھا، جس کےلیے وہ بار بار رابطہ کر رہا تھا لیکن ثناء یوسف کے انکار پر طیش میں آکر اسے گولی مار دی۔

عینی شاہدین کے بیانات اور مختلف قریبی ذرائع کے مطابق آخری ملاقات کے دوران ثناء یوسف اس صورت حال کو یہ کہتے ہوئے سنبھالنے کی کوشش کر رہی تھی کہ ’تمہیں غصہ آرہا ہے، یہاں سے چلے جاؤ، یہاں سی سی ٹی وی کیمرے موجود ہیں، جاؤ یہاں سے‘۔

اس کے بعد عمر نے ثناء یوسف پر گولی چلا دی اور جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔

واضح رہے کہ ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کا واقعہ 2 جون کو جی 13 ون میں پیش آیا تھا، جس کا مقدمہ والدہ کی مدعیت میں تھانہ سنمبل میں درج کیا گیا۔

 مقدمے کے متن کے مطابق پیر کی شام 5 بجے حملہ آور گھر میں داخل ہوا اور ثناء یوسف پر فائرنگ کی۔ 2 گولیاں ثناء یوسف کے سینے میں لگیں، حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہوگیا۔

 والدہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز شام 5 بجے نامعلوم شخص ہمارے گھر میں داخل ہوا جس نے کالے رنگ کی شرٹ اور ٹراؤزر پہنا ہوا تھا اور ہاتھ میں پستول تھا، واقعہ کے وقت میرے شوہر گھر پر نہیں تھے جبکہ میرا 15 سالہ بیٹا بھی چترال گاؤں گیا ہوا تھا۔

 ملزم نے قتل کے ارادے سے کمرے میں موجود میری بیٹی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ثنا کو دو گولیاں لگیں، اپنی زخمی بیٹی کو لیکر ہسپتال پہنچے مگر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ فوت ہوگئی۔

بعدازاں اسلام آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ ثناء یوسف کے قاتل گرفتار کرلیا، ملزم کو سی سی ٹی وی ویڈیو اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔