طاہر جمیل: ٹرانسپورٹرز نے ٹرانسفر فیس، ٹوکن ٹیکس اور ٹول ٹیکس میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ ٹیکسوں اور فیسوں میں اضافے کے خلاف پیر کے روز بابو صابو بند روڈ پر احتجاج کیا جائے گا، جہاں ٹرانسپورٹرز اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا بھی دیں گے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق ٹرانسفر فیس کو 4 ہزار روپے سے بڑھا کر 27 ہزار روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ ٹوکن ٹیکس 2 ہزار روپے سے بڑھا کر 6 ہزار 500 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح ٹول ٹیکس بھی 350 روپے سے بڑھا کر 650 روپے کر دیا گیا ہے۔
صدر پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن تنویر احمد جٹ نے کہا کہ ان اضافوں سے ٹرانسپورٹرز پر شدید مالی بوجھ پڑے گا، اس لیے ان کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیر کو ہونے والے احتجاجی دھرنے میں آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کیا جائے گا۔