علی ساہی: محکمہ ایکسائز پنجاب نے نئے مالی سال میں 124 ارب روپے سے زائد ریونیو وصول کرنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کر لی، جبکہ مختلف ٹیکسز اور لیویز کے اہداف بھی مقرر کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں سال تقریباً 48 ارب روپے اضافی وصول کیے جائیں گے۔ موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 73 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 40 ارب روپے زیادہ ہے۔
پراپرٹی ٹیکس کی وصولیوں کا ہدف بھی بڑھا کر 42 ارب روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ ایکسائز ڈیوٹی سے 6 ارب اور پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 2 ارب روپے وصول کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال محکمہ ایکسائز نے 75 ارب 34 کروڑ روپے کی ریکارڈ وصولیاں کیں، جبکہ رواں سال ٹوکن ٹیکس، ٹرانسفر فیس میں اضافے، پراپرٹی ٹیکس پر 25 فیصد رعایت کے خاتمے اور نئے سروے کے ذریعے ریونیو میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔