سٹی 42: وزیراعظم شہباز شریف نے استنبول میں ترکیہ کے معروف کاروباری گروپوں اور صنعتی تنظیموں کے سربراہان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے چالک ہولڈنگ کے چیئرمین احمد چالک، البیراک گروپ کے چیئرمین احمد البیراک اور یونین آف دی چیمبرز اینڈ کموڈیٹی ایکسچینجز آف ترکیہ (TOBB) کے صدر رفعت حصارجیقلی اوغلو سے ملاقاتوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول اور معاشی استحکام پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو توانائی، کان کنی، معدنیات، انفراسٹرکچر، میری ٹائم، بندرگاہوں، لاجسٹکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، مینوفیکچرنگ، زراعت اور نجکاری سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت اور مکمل ادارہ جاتی معاونت فراہم کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے چالک ہولڈنگ اور البیراک گروپ کی پاکستان میں جاری سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے انہیں اپنے منصوبوں میں مزید توسیع کی ترغیب دی، جبکہ TOBB کو پاکستان کے سرمایہ کاری مواقع کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی کاروباری وفد کے دورے کی دعوت بھی دی۔
ترک کاروباری رہنماؤں نے پاکستان کی معاشی اصلاحات، سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور بہتر ہوتے سرمایہ کاری ماحول کو سراہتے ہوئے توانائی، انفراسٹرکچر، لاجسٹکس اور دیگر اسٹریٹجک شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے اور پاکستان کے ساتھ طویل المدتی اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔