ویب ڈیسک : کراچی کے علاقے لیاری میں 6منزلہ عمارت گرنےسے متعدد افراد زخمی ہو گئے، متعددلوگوں کے ملبے تلے دبے ہو نے کا خدشہ ہے ۔
تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے بغدادی میں 6منزلہ عمارت گرگئی جو مکمل طور پر زمین بوس ہوگئی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہےکہ عمارت گرنے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں اور 6 افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا ہے جن میں سے ایک شخص کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جب کہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
ریسکیو کا بتانا ہےکہ عمارت میں 20 کے قریب فلیٹ تھے جس کے ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے، گلیوں کے تنگ ہونے کی وجہ سے ہیوی مشینری کو پہنچانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق راستوں کی بندش کے باعث بھی ہیوی مشینری کے پہنچنے میں تاخیر ہورہی ہے جب کہ مقامی لوگ بھی اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں میں مصروف ہیں۔