سٹی 42: صوبائی دارالحکومت میں چوری کی وارداتیں نہ رک سکیں، جوہر ٹاؤن جی بلاک میں چور گھر کے تالے توڑ کر غیر ملکی کرنسی، سونا اور دیگر قیمتی کاغذات کا صفایا کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق شہر بھر میں آئے روز چوری، ڈکیتی اور قتل غارت جیسی وارداتوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ شہراپنے ہی گھر میں خود کو غیر محفوظ سمجھنے لگے ہیں۔ پولیس، سیف سٹی اتھارٹی کیمرے اور ڈولفن فورس ہونے کے باوجود جرائم کی روک تھام میں کمی واقع ہوتی نظر نہیں آرہی ہے۔ جوہر ٹاون جی فور بلاک میں ڈاکٹر محمد طارق کے گھر چوری کی واردات ہوئی ہے۔اہلخانہ ایک گھنٹے کیلئے بازار گئے تو پیچھے سے چوروں نے گھر کا صفایا کر دیا۔
متاثرہ شہری محمد طارق کا کہنا تھا کہ تالے توڑ کر چور گھر میں داخل ہوئے اور گھر سے دس تولے سونا، دو ہزار ڈالر، پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بھی لے گئے۔ یہ ہی نہیں چور سی سی ٹی وی کیمروں کا ڈی وی آر بھی ساتھ لے کت چلتے بنے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لئے ہیں۔ پولیس کا کہنا تھا کہ چوروں کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے جلد ملزموں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
ادھر رائیونڈ کے علاقے جلال پورہ میں شہری کے گھر ڈکیتی کی واردات ہوئی۔ڈاکو صبح سویرے محمد وسیم نامی شہری کے گھر دیوار پھلانگ کر داخل ہوئے، اہل خانہ کو یرغمال بنا کر پانچ تولے سونا اور ڈھائی لاکھ سے زائد نقدی لوٹ لی۔ متاثرہ شہری محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ڈاکو واردات کے دوران اہل خانہ پر تشدد بھی کرتے رہے۔
متاثرہ شہری وسیم نے تھانہ رائیونڈ میں اندارج مقدمہ کے لئے درخواست جمع کروا دی۔ پولیس کی جانب سے تاحال واردات کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔