حکومتی نرخ نامنظور، فلور ملز کا سرکاری گندم اُٹھانے سے انکار

حکومتی نرخ نامنظور، فلور ملز کا سرکاری گندم اُٹھانے سے انکار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

شادمان (حسن علی) پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن نے سرکاری گندم لینے سے انکار کردیا، انہوں نے کہا ہے کہ جب تک حکومت گندم کے اجراء کی پالیسی پر ایسوسی ایشن کے تحفظات دور نہیں کرے گی، سرکاری گندم نہیں اٹھائیں گے۔

فلور ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی پریس کانفرنس کے دوران پنجاب کے چیئرمین عبدالرؤف مختار نے کہا کہ تمام تحفظات دور ہونے تک فلور ملز سرکاری گندم نہیں اٹھائیں گی، مارکیٹ میں آٹا موجودہ قیمت پر ہی فروخت ہوگا۔

مرکزی چیئرمین عاصم رضا نے کہا ہے کہ حکومت نے آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 850 مقرر کی ہے جس پر تحفظات ہیں،حکومت اگر گندم 1475روپے فی من سپلائی کرنا چاہتی ہے تو 20 کلو آٹے کا تھیلا مزید 20 روپے اضافے کے ساتھ 870  میں فروخت کرنے کی اجازت دے،موجودہ قیمت پر نقصان ہوگا، اس قیمت پر بیس کلو کا تھیلا فروخت کرنا ممکن نہیں ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی سرکاری قیمت میں 45 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، قیمت 805 روپے سے بڑھا کر 850 روپے مقرر کر دی گئی لاہوریوں کو ریٹیل قیمت پر آٹا 875 روپے میں ملے گا، فلور ملز کو 1475 روپے من کے حساب سے گندم فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔

واضح رہےکہ گزشتہ سال سرکاری گندم کے آٹے کا 20 کلو کا تھیلا مارکیٹ میں 808 روپے میں فروخت کیا جاتا رہا، ماہ رمضان میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت میں 3 روپے کی کمی کر کے قیمت 805 روپے کر دی تھی، ماہ رمضان کے بعد گندم خریداری مہم کے آغاز سے قبل فلور ملز کو سرکاری گندم کا اجرا بند کر دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق رواں سال گندم خریداری مہم کے دوران محکمہ خوراک نے فلور ملز کو گندم کی خریداری نہیں کرنے دی، اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 1800 سے 2000 روپے فی من تک پہنچ گئی۔

Sughra Afzal

Content Writer