سٹی 42 : شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی اور بڑی گاڑیوں کے لیے موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان،لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 اور موٹروے ایم 3 سمندری سے رجانہ تک بند کردی گئی ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے بند کرنے کا مقصد حادثات سے بچاؤ اور موٹروے استعمال کرنے والوں کی جان و مال کی حفاظت ہے۔ دھند میں لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا باعث ہو سکتی ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ روڈ یوزرز لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں، شہری دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں، دھند میں صبح 10 تا شام 6 تک محفوظ سفری اوقات ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس لازمی استعمال کریں، غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، تیز رفتاری نہ کریں، آگے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھیں، رہنمائی اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں ۔