اشرف خان: عالمی اور مقامی سطح پر سونے اور چاندی کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔ گزشتہ چند روز میں شدید مندی کے بعد قیمتی دھاتوں کی قیمتیں دوبارہ بڑھ رہی ہیں، جس کے باعث سرمایہ کاروں کی دلچسپی بھی بڑھ گئی ہے۔
عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 148 ڈالر بڑھ کر 5064 ڈالر فی اونس ہو گئی۔اس سے قبل عالمی مارکیٹ میں سونا 137 ڈالر بڑھ کر 4814 ڈالر فی اونس تک پہنچا تھا۔اسپاٹ گولڈ میں 2.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز بھی 3 فیصد بڑھ گئے۔
مقامی صرافہ مارکیٹ میں ایک تولہ سونا 14,800 روپے مہنگا ہو کر 5,29,162 روپے پر پہنچ گیا۔دس گرام سونا 12,689 روپے اضافے کے بعد 4,53,671 روپے ہو گیا جبکہ ایک تولہ چاندی 109 روپے بڑھ کر 9,255 روپے ہو گئی۔
گزشتہ تین دنوں میں عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 825 ڈالر کمی آئی تھی، جبکہ پاکستان میں فی تولہ سونا 82,500 روپے تک سستا ہو گیا تھا۔ مگر اب قیمتیں دوبارہ بڑھ کر اوپر جا رہی ہیں۔