علی ساہی: لاہور میں 3 روزہ بسنت فیسٹیول کی آمد کے پیش نظر پنجاب پولیس نے سکیورٹی اور قانون پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ کر لیا ہے۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ محفوظ بسنت کے لیے ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی یقینی بنائی جائے۔
آئی جی پنجاب کے مطابق صرف رجسٹرڈ پتنگ فروشوں کو منظور شدہ پتنگیں اور ڈوریں فروخت کرنے کی اجازت ہو گی۔ لاہور پولیس بسنت سے متعلق حکومتی ایس او پیز کی چیکنگ اور ان پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔ ایڈیشنل آئی جی راؤ عبدالکریم کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ، اسلحے کی نمائش، فحاشی اور غیر اخلاقی رویوں پر قانون فوری حرکت میں آئے گا۔
راؤ عبدالکریم نے واضح کیا کہ صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبے بھر میں کارروائیوں کے دوران 150 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 157 ملزمان گرفتار ہوئے۔ ملزمان سے 39 ہزار 667 غیر منظور شدہ پتنگیں اور 248 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔
لاہور میں غیر قانونی پتنگوں اور ڈوروں کے کاروبار میں ملوث 67 ملزمان گرفتار کیے گئے جبکہ کارروائیوں میں 7 ہزار سے زائد پتنگیں اور 41 ڈور چرخیاں برآمد کر لی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہری محفوظ بسنت کے لیے پولیس سے تعاون کریں اور قانون کی خلاف ورزی سے گریز کریں۔