وسیم عظمت: سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے صحافتی ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان آرمی کے سربراہ کو عمران خان کا کوئی خط موصول نہیں ہوا۔
مؤثق سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ میڈیا پر یہ بات گردش کرتی رہی کہ پی ٹی آئی کے اڈیالہ جیل میں قید بانی نے کوئی خط لکھا ہے لیکن سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے مبینہ طور پر آرمی چیف کو لکھا گیا خط اب تک انہیں موصول نہیں ہوا۔
عمران خان نےمبینہ خط کب لکھا اور اس میں کیا لکھا تھا ؟
عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے گزشتہ روز انکشاف کیا تھا کہ بانی نے آرمی چیف کو کئی الزامات پر مشتمل خط لکھا ہے جس میں پہلا الزام فروری 2008 کے جنرل الیکشن میں دھاندلی اور مخصوص امیدواروں کو جتوانے سے متعلق ہے،اس خط میں 26 ویں آئینی ترمیم سے قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کے متاثرہونے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔ اس مبینہ خط میں بانی نے خود کو القادر ٹرسٹ کیس مین قید کی سزا سنائے جانے کا بھی حوالہ دیا ہے۔
عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا تھا کہ خط میں چوتھا نقطہ پی ٹی آئی کے خلاف دہشتگردی کے مقدمات اور گرفتاریوں کے لئے چھاپوں کے متعلق ہے جب کہ پانچواں نقطہ انٹیلی جنس اداروں کے کام سے متعلق ہے۔
اس مبینہ خط میں عمران خان نے آرمی چیف سے اپنی پالیسیاں تبدیل کرنے کے لئے کہا ہے۔
خط میں نے نہیں پڑھا؛ عمران خان کے خط پر بیرسٹر گوہر کا جواب
عمران خان کے آرمی چیف کو خط پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میں نے اب تک بانی پی ٹی آئی کا یہ خط پڑھا یا دیکھا نہیں لیکن اگر ان کی طرف سے خط پر رسپانس آتا ہے تو ہم خیرمقدم کریں گے۔