طاہر جمیل:عرس حضرت داتا گنج بخشؒ اور چہلم کے موقع پر ستھرا پنجاب لاہور کی جانب سے شہر میں خصوصی صفائی آپریشن جاری ہے۔ عرس کے آخری روز بھی صفائی انتظامات کی نگرانی کے لیے سی ای او ستھرا پنجاب لاہور شہریار عارف خان خود داتا دربار پہنچے اور فیلڈ میں جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی سی ای او الطاف انصاری، مبین احسن اور ڈی جی ایم آپریشنز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سی ای او نے راوی ٹاؤن اور داتا گنج بخش ٹاؤن میں جلوس کے روٹس، ملحقہ شاہراہوں اور اہم مقامات پر جاری خصوصی صفائی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔
دورے کے دوران شہریار عارف خان نے خصوصی صفائی آپریشن پر تعینات عملے کی حاضری چیک کی اور امام بارگاہوں سمیت جلوسوں کے راستوں پر موجود صفائی عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
انہوں نے مینوئل سویپنگ، پانی کے چھڑکاؤ، مکینیکل واشنگ اور چونے کے چھڑکاؤ کے عمل کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی گئیں کہ عرس اور چہلم کے اختتام تک صفائی کے تمام انتظامات کو مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے۔
سی ای او ستھرا پنجاب لاہور نے ہدایت کی کہ جلوس کے راستوں، ملحقہ علاقوں اور اہم شاہراہوں پر زیرو ویسٹ آپریشن یقینی بنایا جائے تاکہ زائرین اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔