عرفان ملک:لاہور میں رواں سال کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 700 افراد کو گرفتار کر لیا .
ترجمان کے مطابق کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 360 مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ لاہور میں کرایہ داری ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ کرایہ داری کے اندراج سے جرائم پیشہ عناصر کو ٹریس کرنے میں مدد ملی ہے اور ریکارڈ یافتہ افراد کی شناخت کیلئے کرایہ داری رجسٹریشن نہایت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی یا مشکوک افراد کو کرائے پر جگہ دینے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی کیونکہ غیر رجسٹرڈ کرایہ دار سکیورٹی رسک ہوتے ہیں۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے مکان مالکان اور کرایہ داروں کو ہدایت کی کہ وہ کرایہ داری ایکٹ پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور کرایہ داری کو لازمی طور پر رجسٹرڈ کروائیں تاکہ جرائم کی روک تھام میں مدد مل سکے۔