ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سینئر معالج ڈاکٹر عرفان الٰہی طویل رفاقت کے بعد وفات پا گئے۔
ان کی نمازِ جنازہ ان کی رہائش گاہ 139-اے، احمد بلاک گارڈن ٹاؤن میں ادا کر دی گئی، جس میں قانون دانوں، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ڈاکٹر عرفان الٰہی مرحوم گزشتہ 31 برسوں سے لاہور ہائیکورٹ بار کے ہسپتال میں اپنی پیشہ ورانہ خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ انہوں نے سنہ 1995 میں بار ہسپتال میں قدم رکھا اور تین دہائیوں سے زائد عرصے تک وکلاء اور ان کے اہل خانہ کے لیے مسیحائی کا فریضہ نبھایا۔ ان کی فرض شناسی اور خوش اخلاقی کی وجہ سے وہ وکلاء برادری میں یکساں مقبول اور محترم سمجھے جاتے تھے۔صدر لاہور ہائیکورٹ بار اور دیگر عہدیداران نے ڈاکٹر عرفان الٰہی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے بار کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے۔
ہسپتال کے سنئیر ڈاکٹر رانا عظیم انور اور دیگر سینئر وکلاء نے بھی مرحوم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر صاحب نے پوری زندگی انتہائی دیانتداری اور خدمتِ خلق کے جذبے کے تحت گزاری۔بار ایسوسی ایشن اور وکلاء برادری نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل دے۔ ڈاکٹر عرفان الٰہی کی وفات پر بار میں فضا سوگوار رہی۔